عزیز ماما نے مصائب خندہ پیشانی سے برداشت کئے‘ پشتون ایس ایف

November 24, 2020

کوئٹہ ( آئی این پی )پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کی صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر معصوم خان میرزئی نے اپنے بیان میں عزیزاللہ خان عزیز ماما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ عزیز ماما کے تمام ارمان پشتون افغان وطن کی ترقی وخوشحالی کیلئے تھے۔عظیم دانشور،لیکوال و قانون دان عزیزاللہ ماما نے اپنی پوری زندگی فکر باچاخان کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے سب سے بڑھ کر علم کی روشنی پشتون وطن میں پھیلانے کی بھرپور کوشش کی اور پشتون افغان وطن کے باسیوں کو سامراجیت سے ڈٹ کر لڑنے کا درس دیتے ہوئے فکر باچاخان سے جڑے رہے۔عزیزاللہ ماما کی جدوجہد پشتون نوجوانوں کیلئے ایک کتاب کی مانند ہے انہوں نے پشتون نوجوانوں کو فکری اور نظریاتی درس دیا۔انہیں پشتون افغان وطن میں تعلیم،امن اور عدم تشدد کے پرچار کی پاداش میں زمانہ اقتدار کے حکمرانوں نے زندانوں میں ڈالا لیکن عزیزاللہ ماما نے اپنے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے تمام مصائب کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور پشتون افغان وطن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا۔وہ پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ان جانبازوں میں سے تھے جنہوں نے ہر اول دستہ فکر باچاخان کے فلسفے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔پشتون ایس ایف ان کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔عزیزاللہ ماما کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 3دسمبر کوکوئٹہ پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس ہوگا جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ومرکزی قائدین شرکت وخطاب کرینگے۔