منشا پاشا کے منگیتر جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

November 28, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ منشا پاشا کے منگیتر اورمعروف سماجی کارکن، سیاستدان اور قانون دان جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کر پار ہے۔ جبران ناصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر، پیغام رسانی کی معروف ایپلی کیشن واٹس ایپ کا اکاؤنٹ ہیک ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ʼآج میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا اور میں اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہا۔اپنی ٹوئٹ میں جبران ناصر نے مزید لکھا کہ میرے چند دوستوں کو بھی یہی مسئلہ درپیش ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی عجیب پیغام سے بچیں جو کوئی کوڈ مانگے چاہے وہ پیغام آپ کے کسی جاننے والے شخص نے ہی کیوں نہ بھیجا ہو۔معروف سماجی کارکن نے یہ بھی کہا کہ ان کے واٹس ایپ سے کسی بھی پیغام کو قبول نہ کریں کیونکہ اسے اب ایک ہیکر استعمال کررہا ہے۔بعدازاں جبران ناصر نے یہ بھی بتایا کہ آخر ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کیسے ہیک ہوا۔انہوں نے ایک علیحدہ ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے اپنے کزن کے نمبر سے ایک واٹس ایپ میسج ملا کہ میں اسے ایک کوڈ بھیجوں کیونکہ انہوں نے غلطی سے میرا نمبر دے دیا تھا۔جبران ناصر نے لکھا کہ میں نے ایس ایم ایس دیکھا کہ مجھے ایک ایسے نمبر سے کوڈ موصول ہوا ہے جس سے مجھے ماضی میں مختلف ایپس کے نوٹی فکیشن بھیجے جاچکے ہیں تو اسے درست سمجھتے ہوئے میں نے اپنے کزن کو کوڈ بھیجا اور میرا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔خیال رہے کہ جبران ناصر سے قبل بھی متعدد شوبز، کھیل اور سیاست سے وابستہ شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوچکے ہیں۔رواں برس اکتوبر میں اداکار نعمان اعجاز کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرکے معطل کردیا گیا تھا اور اس سے قبل اداکارہ میرا نے بھی کہا تھا کہ وہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہیں۔