شنیرا کی آسٹریلیا کو کورونا وائرس فری ہونے پر مبارکباد

November 28, 2020

پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے اپنے آبائی وطن آسٹریلیا کو عالمی وبا سے چھٹکارا پانے پر مبارک باد دے دی۔

ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے پیغام میں شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’شاباش میرے آبائی وطن۔‘

شنیرا نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ ’آسٹریلیا دنیا کے اُن چند مقامات میں سے ایک ہے جو کورونا وائرس فری ہوگیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’انتھک محنت اور ناقابلِ یقین معاشرتی جذبے سے کچھ بھی ممکن ہے۔‘

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 20 لاکھ 37 ہزار 905 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 14 لاکھ 49 ہزار 895 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 77 لاکھ 56 ہزار 804 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 5 ہزار 246 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 28 لاکھ 31 ہزار 206 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔