بجلی کے پیداواری شعبہ میں 1.357 ارب ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری

January 07, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)ملک میں بجلی کے پیداواری شعبہ میں گزشتہ ڈھائی سال کے عرصہ میں 1.357 ارب ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک اورسرمایہ کاری بورڈکے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2019 میں بجلی کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 323.9 ملین تھا جومالی سال 2020 میں بڑھ کر764.3 ملین ڈالرہوگیا۔ جاری مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں بجلی کے پیداواری شعبہ میں اب تک 269.2 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی ہے۔جولائی تا نومبر2020 کی مدت میں ایندھن سے بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں 43 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں کم ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ایندھن سے بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں 47.3 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی تھی۔جاری مالی سال میں پانی سے بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں اضافہ کارحجان دیکھنے میں آیاہے،مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں پن بجلی کے پیداواری منصوبوں میں 50.4 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی، گزشتہ سال کی اسی مدت میں پن بجلی کے پیداواری منصوبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 42.9ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔