عورت کی ہلاکت کے سلسلے میں مطلوب شخص کی عالمی تلاش جاری

January 16, 2021

لندن ( پی اے ) ویسٹ لندن میں سوٹ کیس سے ایک عورت کی لاش ملی تھی اس سلسلے میں مطلوب ایک شخص کی انٹرنیشنل سرچ جاری ہے۔ جوانا بوروکا کی لاش 18 دسمبر کو ساوتھ آل میں دی کریسنٹ کے ایک ہاسٹل میں ملی تھی۔ اسے لاش ملنے سے ایک ماہ قبل آخری بار زندہ دیکھا گیا تھا۔ ہومیسائیڈ ڈیٹکٹیوز کا کہنا ہے کہ انہیں پیٹرس زیلیناس سے فوری طور پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ لتھوانیا سے تعلق رکھنے والا 50 سالہ پیٹرس اب جرمنی میں ہوسکتا ہے۔ میٹ پولیس نے بتایا کہ وہ ڈیٹیکٹوز کے ساتھ مل کر زیلیناس کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنے یورپی ہم منصبوں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔ ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر ویان جولی نے لتھوانیا کی کمیونٹی سے براہ راست اپیل کی کہ وہ مسٹر زیلیناس کے ٹھکانے کا پتہ لگانے میں ان کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ ان چونکا دینے والے اور مشکل حالات میں اس طرح بہت کم کسی کی لاش ملتی ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ جوانا کی موت کی خبر ان تمام لوگوں کیلئے انتہائی دل گرفتہ اور افسوسناک ہے جو اسکے بہت قریب تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری انویسٹی گیشن اچھی طرح آگے بڑھ رہی ہے۔ ہم نے پیٹرس زیلیناس کو ایک ایسے شخص کی حیثیت سے شناخت کیا ہے جس سے ہمیں جوانا کے ساتھ پیش آنے والی صورت حال پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ایسے لوگ موجود ہیں جنھوں نے زیلیناس کو دیکھا ہوگا یا جن کو معلوم ہوگا کہ وہ کہاں ہے۔ ہماری اپیل ہےکہ ایسے لوگ سامنے آئیں اور معلومات فراہم کریں۔