17 نہروں کی بھل صفائی نہ کرانے پر محکمہ آبپاشی کیخلاف احتجاج

January 31, 2021

ہنگورجہ(نامہ نگار) تحصیل سوبھوڈیرو کی 17 نہروں کی بھل صفائی نہ کرانے پر محکمہ آبپاشی کیخلاف آبادگار اور کاشتکار سڑکوں پر نکل آئے،ہنگورجہ باس پاس پر احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ پر آبادگاروں کی بڑی تعداد نے علامتی بھوک ہڑتال شروع کر دی ۔ سندھ آبادگار اتحاد کے رہنما کامریڈ لونگ خان حطار، کانڈیرو خان سھتو، خدا بخش سھتو ،کامریڈ حاجی خان چانگ اور دیگران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے تحصیل سوبھوڈیرو کی 17 نہروں کی گزشتہ تین برسوں سے بھل صفائی نہیں کرائی گئی ۔ جس وجہ سے نہروں میں مٹی اور ریت بھر گئی ہے اور ٹیل پر پانی پہنچنا مشکل بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ محکمہ آبپاشی کے انجنیئر اور دیگر افسران کی آفس میں جا کر شکایات کر چکے ہیں لیکن تدارک نہیں کیا جارہا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تحصیل سوبھوڈیرو کے نہروں ہنگورجہ مائنر،بے نظیر مائنر،سیال مائنر،گڈیجی مائنر سمیت دیگر نہروں کی بھل صفائی کرائی جائے ۔