اسٹاک مارکیٹ‘ کاروباری ہفتے کے آغاز پر تیزی‘ 567پوائنٹس کا اضافہ

February 16, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ،کے ایس ای100انڈیکس 567پوائنٹس کے اضافے سے 46ہزار کی حد عبور کر گیا ، سرمایہ کاری مالیت میں86ارب 70کروڑ 84لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ، 60.74 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ،کاروباری حجم بھی 9.86 فیصد زیادہ ریکارڈ کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کو مارکیٹ میں تیزی کا رحجان دیکھنے میں آیا ،کاروبارکے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے خریداری سے مثبت رحجان ریکارڈ کیا گیا اور ایک موقع پر 100انڈیکس 46507پوائنٹس تک بھی پہنچ گیا تاہم بعد ازاں کریکشن کے باعث مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 567.23پوائنٹس کے اضافے سے 45808.36پوائنٹس سے بڑھ کر 46375.59پوائنٹس پر آکر بند ہوا ، کے ایس ای 30انڈیکس بھی 242.61پوائنٹس بڑھنے کے بعد 19347.11پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 339.11پوائنٹس کے اضافے سے 31891.80پوائنٹس پر آگیا ،پیر کومجموعی طور پر 405کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ، 246کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، 141کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 18کے بھاو مستحکم رہے ۔