بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما طویل مدت کے بعد ایک نئے اشتہار میں ایک ساتھ نظر آئے ہیں۔ اس اشتہار نے اس جوڑی کے مداحوں کی خاص توجہ حاصل کر لی ہے۔
اشتہار کے آغاز میں ویرات کوہلی اپنی اہلیہ، انوشکا سے دبئی کی چھٹیوں کے دوران اپنے لیے ایک سرپرائز پلان کرنے کو کہتے ہیں۔
انوشکا انہیں صحرا میں ایک پرسکون ڈیزرٹ ڈیٹ پر لے جاتی ہیں جہاں دونوں کھانا پکاتے، اسے دسترخواں پر سجاتے اور ایک دوسرے کو کھلاتے دکھائی دیتے ہیں۔
بعد ازاں وہ صحرا میں چہل قدمی اور ہرنوں کی موجودگی سے بھی محظوظ ہوتے ہیں۔
ایک منظر میں دونوں کے درمیان والی بال میچ کا مقابلہ ہوتا دکھایا گیا ہے جس میں انوشکا جیت جاتی ہیں۔ اپنی جیت پر اداکارہ کہتی ہیں، ’میں نے کہا تھا ناں، میں بہتر ایتھلیٹ ہوں۔‘ جواب میں ویرات ہنستے ہوئے کہتے ہیں، ’اور میں بہتر ڈانسر ہوں۔‘
یہ اشتہار سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور اس جوڑی کے مداحوں نے ایک بار پھر اِنہیں ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو بھارت کی معروف اور کامیاب ترین جوڑی قرار دیا جاتا ہے، انوشکا اور ویرات کی شادی 11 دسمبر 2017ء کو اٹلی میں ہوئی تھی۔
یہ جوڑی دو بچوں بیٹی وامیکا اور بیٹے اکائے کے والدین ہیں۔