امریکی نائب صدر کملا ہیرس کا رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو

February 28, 2021

امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے واشنگٹن میں سرکاری منصب سنبھالنے کے بعد اپنا سان فرانسسکو میں واقع اپارٹمنٹ فروخت کردیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، کملا ہیرس کا یہ اپارٹمنٹ مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش ہونے کے 10روز کے اندر ہی فروخت ہوگیا اور وہ بھی قیمتِ خرید سے 63فی صد زائد قیمت پر۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ نومنتخب امریکی نائب صدر نے اس اپارٹمنٹ کو ایک زبردست اور پرکشش منافع پر فروخت کیا ہے۔

کملا ہیرس نے یہ ٹو-لیول اپارٹمنٹ 2004ء میں 4لاکھ 89ہزار ڈالر میں خریدا تھا۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب وہ سان فرانسسکو کی تاریخ کی پہلی خاتون ڈسٹرکٹ اٹارنی بنی تھیں۔ ساتھ ہی، یہ عہدہ حاصل کرنے والی وہ پہلی سیاہ فام اور جنوب ایشیائی نژاد امریکی خاتون بھی تھیں۔ اب انھوں نے یہ اپارٹمنٹ 7لاکھ 99ہزار ڈالر میں فروخت کردیا ہے۔

ریئل اسٹیٹ ایجنٹوں کے مطابق، حالانکہ کملا ہیرس کا یہ گھر نسبتاً کم قیمت ہے لیکن اپنی تعمیر اور سہولیات کے باعث اس کا شمار علاقے کے بہترین اپارٹمنٹس میں ہوتا ہے۔ یہ گھر ایک بیڈ روم اپارٹمنٹ پر مشتمل ہے، جو سان فرانسسکو کے جنوبی مارکیٹ ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔ ماضی میں یہ صنعتی علاقہ رہا ہے، تاہم سرکاری طور پر جب اس کے استعمال کی نوعیت بدلنے کا فیصلہ کیا گیا تو صنعتی گوداموں کو بڑی اور بین الاقوامی سطح پر معروف سوفٹ ویئر اور ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنا ہیڈ کوارٹر بنا لیا۔

کملا ہیرس کی جانب سے فروخت کیا جانے والا یہ اپارٹمنٹ عمارت کی بالائی منزل (ٹاپ فلور) پر واقع ہے اور یہ ایک ہزار 69مربع فٹ رقبہ پر محیط ہے۔ ایک بیڈ روم کے علاوہ اس اپارٹمنٹ میں دو واش روم، ایک بالکونی، فائرپلیس اور طاقچہ دفتر جیسی خصوصیات بھی موجود ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف یہی نہیں، کملا ہیرس اور ان کے شوہر ڈگلس ایمہوف نے مل کر ایک ملٹی ملین ڈالر ریئل اسٹیٹ پورٹ فولیو میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ 2012ء میں کملا ہیرس کے شوہر ڈگلس ایمہوف نے برینٹ ووڈ، لاس اینجلس میں 3ہزار 5سو مربع فٹ رقبہ پر محیط ایک گھر خریدا تھا، جہاں شوبز سیلیبرٹیز گوائنیتھ پالٹرو اور لیبرون جیمز بھی ملٹی ملین ڈالر گھروں کے مالک ہیں۔

دو سال بعد ، کملا ہیرس سے شادی کے بعد ایمہوف نے یہ گھر جوڑے کے مشترکہ ٹرسٹ کو منتقل کردیا تھا۔ یہ گھر چار بیڈ روم اور ایک پول پر مشتمل ہے، جوکہ گیٹی سینٹر سے صرف 10منٹ کی مسافت پر ہے۔ اکتوبر 2019ء میں گیٹی سینٹر میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد اس سارے علاقے کو خالی کروالیا گیا تھا، جس میں 745ایکڑ رقبہ جل کر تباہ ہوگیاتھا۔ خوش قسمتی سے، اس آگ سے کملا اور ایمہوف کا گھر بالکل محفوظ رہا تھا۔

2017ء میں، امریکی سینیٹ کی رُکن منتخب ہونے کے بعد جب کملا ہیرس کا واسطہ واشنگٹن سے پڑا تو انھوں نے وفاقی دارالحکومت میں بھی ایک اپارٹمنٹ خرید لیا۔ 1700مربع فٹ رقبے پر مشتمل واشنگٹن کا یہ دو بیڈ روم اپارٹمنٹ کملا ہیرس نے 17لاکھ 75ہزار ڈالر میں خریدا تھا۔ ویسٹ لائٹ کنڈومنیم کامپلیکس 71یونٹ پر مشتمل واشنگٹن کے ’’ویسٹ اینڈ‘‘ میں واقع ایک بہترین محل و قوع کی عمارت ہے، جس کے ایک طرف جارج ٹاؤن اور دوسری طرف ڈوپونٹ سرکل واقع ہے اور یہ وہائٹ ہاؤس سے صرف ایک میل کے فاصلے پر ہے۔

اس عمارت میں روف ٹاپ پول، فٹنس سینٹر، ہاؤس کیپنگ اور 24گھنٹے دربان کی خدمات دستیاب رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ پالتوں جانوروں کو نہلانے کا اسٹیشن اور مکینوں کے دھوپ کھانے کے لیے ’سَن ڈیک‘ بھی تعمیر کیے گئے ہیں، جہاں سے شہر کے بہترین مناظر سے بھی لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کورٹنی ابرامز کہتے ہیں، ’’یہ تمام خدمات کی دستیابی سے بھرپور ایک مکمل پُرتعیش رہائشی کامپلیکس ہے۔ شہر کے بہترین ریستورانوں، کئی میٹرو اسٹاپس اور کینیڈی سینٹر کے قریب ہونے کی وجہ سے بھی اس کامپلیکس کا شمار شہر کے بہترین محل و قوع کی حامل عمارتوں میں ہوتا ہے۔ اس کی تعمیر میں اس طرح کا مواد ( خصوصاً کھڑکیوں کے شیشے جوکہ فرش سے لے کر چھت تک ہیں) استعمال کیا گیا ہے کہ باہر کا شور اپارٹمنٹس کے اندر تقریباً سُنائی نہیں دیتا، جب کہ باتھ رومز میں ساگون (ٹیک) لکڑی کا فرش بچھایا گیا ہے۔

اس وقت کملا ہیرس اور ایمہوف بلیئر ہاؤس میں رہائش پذیر ہیں، جو وہائٹ ہاؤس سے صرف ایک گلی کی دوری پر ہے۔ یہاں سے وہ دونوں جلد ہی امریکی نائب صدر کے لیے مختص کردہ سرکاری رہائش گاہ شمال جنوب واشنگٹن میں واقع نیول آبزرویٹری میں منتقل ہوجائیں گے، جس کی تزئین و آرائش کا کام ان دنوں جاری ہے۔