مرزافیصل محمود کی میزبانی میں مسئلہ کشمیر پر زوم کانفرنس

March 04, 2021

برمنگھم (ابرار مغل) مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئےبرطانیہ میں کشمیر کانفرس کا زوم پرانعقاد کیا گیا۔ میزبان پی ایس پی برطانیہ کے سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود نے پاکستان اور بھارت کی امن کے قیام کیلئے کامیاب بیک ڈور چینل ڈپلومیسی کو سراتے ہوئے اپنے 5 رکنی پینل سے سوالات پوچھے ۔ پینل میں برمنگھم کمیونٹی فورم کے چیئرمین سابق کونسلر شوکت علی خان، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، ممتاز قانون دان بیرسٹر محمد ایوب، کونسلرذاکراللہ،کونسلربابرباز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ راجہ شوکت علی خان نے پاکستان اور انڈیا کا ایل او سی پر جنگ بندی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کرنے کے فیصلے کو سراہا اور یہ مطالبہ کیا کہ یٰسین ملک، شبیر شاہ ،آسیہ اندرابی،انجینئر عبدالرشید سمیت کشمیر ی حریت رہنماؤں کو بھارت آزاد کرے۔ بیرسٹر ایوب نے کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی بھی طرح قابل قبول نہیں اگر بھارت اس طرح کی سرگرمیوں سے باز نہیں آتا تو عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کروانا چاہئے۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے راستے میں مسئلہ کشمیر رکاوٹ ہے ،کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری کریں گے۔ کونسلر بابر باز نے کہا نوجوانوں میں کشمیر کاز کو اجاگر کرنے اور انہیں شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔