پوپ فرانسس بلا خوف وخطر تاریخی دورے پر عراق پہنچ گئے

March 07, 2021

روم (نیوز ڈیسک) مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس 2012 میں انتخاب کے بعد پہلی باربلاخوف عراق کے دورے پر دارالحکومت بغداد پہنچ گئے، وہ خوف اور خطرے کے باوجود عراق کے 3 روزہ تاریخی دورے پر پہنچے ہیں ، پوپ فرانسس نے بغداد آمد کے بعد اپنے خطاب میں عراقی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیسائیوں کے ساتھ اپنے بھائیوں کی طرح سلوک کریں ، ان کی حفاظت کریں اور اپنی راہ میں رکاوٹ نہ سمجھیں ۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق الاِٹالیا کا جہاز پوپ فرانسس، ان کے وفد، سیکیورٹی عملے اور تقریباً 75 صحافیوں کو لے کر مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے سے کچھ پہلے بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا۔ عراق میں 84 سالہ پوپ کی حفاظت کے لیے ہزاروں اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جہاں متعدد راکٹ اور خودکش حملوں کی حالیہ لہر نے ان کی حفاظت سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے جہاز میںسوار صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک بار پھر دورے کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ نومبر 2019 کے بعد پوپ فرانسس کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک علامتی دورہ ہے اور میرا فرض ہے اس سرزمین کا دورہ کروں جہاں کئی سالوں سے لوگ شہید ہو رہے ہیں۔ پوپ فرانسس اپنے اس مختصر دورے میں جہاز، ہیلی کاپٹر اور ممکنہ طور پر بکتر بند گاڑی میں ان چار شہروں اور علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں بیشتر غیر ملکی شخصیات پہنچنے سے قاصر رہتی ہیں۔