کورونا وائرس موسمی بیماری بن جائے گا، اقوام متحدہ

March 18, 2021

دنیا بھر میں بہت سے ممالک عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کی زد میں آچکے ہیں ایسے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس موسمی بیماری بن جائے گا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ویکسین کے آ جانے کے بعد بھی ماسک اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنا لازم و ملزوم ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے وقت کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس نزلہ، زکام کی طرح موسمی بیماری بن جائے گا، موسمی بیماری سمجھ کر احتیاط ترک نہیں کرنی چاہیے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کورونا یہاں طویل مدت تک رہے گا اور اس عالمی وبا کی نئی قِسموں کا خاتمہ بنیادی طور پر ناممکن ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں بہت سے لوگوں کو بچپن میں ہی اس کا سامنا کرنا پڑے گا، جس سے اُن میں کورونا سے لڑنے کی قوتِ مدافعت پیدا ہوگی جو مستقبل میں انہیں سنگین بیماریوں سے بچائیں گی۔

ماہرین بتاتے ہیں کہ ویکسین اور تحفظ کے دیگر طریقوں کے باعث یہ اس قدر خوفناک تو ثابت نہیں ہوگا تاہم طویل مدت تک ہماری زندگیوں میں شامل رہے گا۔