ہیڈفون کو طبی سینسر میں بدلنے والی چِپ

March 29, 2021

اس ترقی یا فتہ دور میں ماہرین نت نئی چیزیں تیار کرکے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کررہے ہیں ۔حال میں رٹگرز یونیورسٹی کے انجینئرز نے انتہائی کم خرچ اور ا یک ایسی چپ تیار کی ہے جو ہیڈفون اور ائیر فون کو کار آمد سینسر میں بدل سکتی ہے اور اس کی ریڈنگ اسمارٹ فون پر آسکتی ہے۔

اگرچہ ابھی یہ سینسر بڑا ہے لیکن اسے مزید حساس اور چھوٹا بنایا جاسکتا ہے ،جس پرماہرین مزید کام کررہے ہیں۔ اس ایجاد کو’ ’ہیڈفائی‘ کا نام دیا گیا ہے۔اس طرح دنیا بھر میں استعمال ہونے والے لاکھوں کروڑوں ہیڈفونز کو کارآمد سینسر میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

اس طرح ایک چپ کے اضافے سے ہیڈفون دل کی دھڑکن ناپنے، جائرواسکوپ، اسراع پیما (ایسیلرومیٹر) ، مائیکروفون اور دیگرآلات کا کام کرسکتے ہیں۔اس ایجاد کے تحت تین ڈالر سے لے کر 15 ہزار ڈالر تک کے ہیڈفون استعمال کئے گئے۔

اس کے بعد ہیڈفائی نے 97 سے 99.5 تک درستگی سے یوزر کو شناخت کیا۔ 96 سے 99 فی صد دل کی دھڑکن گننے اور 99 فی صد ہی حرکات و سکنات کو کامیابی سے نوٹ کیا۔اگرچہ یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے لیکن اس چپ کی بدولت دنیا بھر میں ایک انقلاب آسکتا ہے۔