شہزادہ فلپ بین المذاہب ہم آہنگی کے داعی تھے، محمد عجیب

April 13, 2021

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) شہزادہ فلپ کی وفات پر بریڈفورڈ کی سول سوسائٹی نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ فلپ غیر معمولی شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے ہمیشہ مختلف کمیونٹیز کے احترام اور ان کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا، برطانیہ کہ پہلے مسلمان سابق لارڈ میئر محمد عجیب نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری دو بار شہزادہ فلپ سے ملاقات ہوئی، وہ بین المذاہب ہم آہنگی کے داعی تھے، اسلام اور باالخصوص پاکستانی مسلمان کمیونٹی کے بارے میں وہ غیر معمولی دلچسپی رکھتے تھے ،انہوں نے نہ صرف ملک بلکہ کامن ویلتھ میں بھی ملکہ برطانیہ کے شانہ بشانہ نمائندگی کی ، انہوں نے شہزادہ فلپ کی موت کو تمام اقلیتی قومیتوں کے لیے افسوس ناک قرار دیا، انہوں نے کہا کہ کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سب کی ہمدردیاں ملکہ برطانیہ کے ساتھ ہیں اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔سابق لارڈ میئر غضنفر خالق نے کہا کہ ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ ایک نفیس انسان تھے، انہوں نے ملکہ برطانیہ کا بھرپور ساتھ دیا عوام کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ہم شاہی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سابق لارڈ میئر کونسلر خادم حسین نے کہا کہ شہزادہ فلپ ایک غیر معمولی انسان تھے، انہوں نے ہمیشہ مختلف عقائد میں ہم آہنگی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا،ہماری تمام ہمدردیاں شاہی خاندان اور ملکہ برطانیہ کے ساتھ ہیں۔شہزادہ فلپ کی وفات پر سابق لارڈ میئر کونسلر ظفر علی ،زاہد مغل ، شاہ محمد کھوکھر ، سردار عبدالرحمن خان ، راجہ نجابت حسین ، آصف نسیم راٹھور ،مسلم ایسوسی ایشن کے شوکت میرپوری ، علی اکبر چشتی ، ناظم اعظم ،چوہدری محمد مالک ، چوہدری محمد فاضل، چوہدری ساجد شریف اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے شاہی خاندان کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔