مرد سچے نہیں ہوتے،اس لیے دوسری شادی نہیں کی، عصمت زیدی

April 18, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر اداکارہ اداکارہ عصمت زیدی کا کہنا ہے کہ شادی ٹوٹنے کے بعد نہ جانے کیوں ان کے دماغ میں یہ خیال گھر کر گیا تھا کہ مرد سچے نہیں ہوتے۔عصمت زیدی نےایک انٹرویو میں پہلی بار اپنی ذاتی زندگی سمیت پیشہ ورانہ زندگی پر بھی کھل کر بات کی اور واضح کیا کہ ان سے متعلق انٹرنیٹ پر بہت زیادہ غلط معلومات دستیاب ہیں۔عصمت زیدی نے بتایا کہ انہوں نے 1995 کے بعد اداکاری کا آغاز کیا اور پہلا ڈرامہ ’جانے انجانے‘ کے نام سے تھا، جس کے بعد انہوں نے ’امید سحر‘ نامی ڈرامے میں بھی کام کیا۔دوسری شادی نہ کرنے کے سوال پر عصمت زیدی نے بتایا کہ دراصل انہوں نے مختلف وجوہات کی وجہ سے دوسری شادی نہیں کی اور ان وجوہات میں اولاد کی فکر بھی شامل تھی۔اگر وہ بھی دوسری شادی کرلیتیں تو ان کے بچوں کے پاس کیا رہ جاتا؟ ان کا والد تو پہلے ہی ان سے چلا گیا اور اگر وہ بھی شادی کر لیتیں تو وہ بھی ان کے پاس نہ رہتیں، کیوں کہ اگر وہ کسی سے شادی کرتیں تو مرد کی اپنی ہی شرائط ہوتیں۔ساتھ ہی اداکارہ نے بتایا کہ طلاق ہوجانے کے بعد ان کے ذہن میں نہ جانے کیوں یہ خیال بھی بیٹھ گیا تھا کہ مرد کبھی سچا نہیں ہو سکتا۔اداکارہ نے واضح کیا کہ اسلام نے بھی شادی کو طلاق یا بیوہ بن جانے کے بعد دوسری شادی کا حق دیا ہے اور ویسے بھی ہر خاتون کو حق ہے کہ وہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد دوسری شادی کرے اور یہ ضرورت بھی ہوتی ہے لیکن اگر کسی خاتون کی اتنی مجبوریاں نہیں ہیں اور وہ دوسری شادی کے بغیر بھی رہ سکتی ہے تو ایسی خاتون کو ہر مسئلے کو ذہن پر سوار نہیں کرنا چاہیے۔بعض مرتبہ خواتین دوسری شادی مالی مسائل کی وجہ سے بھی کرتی ہیں۔