15 رمضان سے شادی ہالز کھول دینگے، کیٹرز ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن

April 18, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کیٹرز ڈیکوریٹرز نے کہا ہے کہ شادی ہالز کی بندش سے 10 لاکھ افراد کا روزگار دا ؤپر لگ گیا ہے،اس لئے ہم 15 رمضان سے شہر بھر میں شادی ہالز کھول دیں گے ،کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کیٹررز ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیص منصور شیخ نے کہا کہ سندھ خصوصا کراچی میں کورونا کیسز انتہائی کم ہیں ایسے میں شادی ہالز کی بندش کے باعٹ 10 لاکھ افراد کا روزگار دا ؤپر لگ گیا ہے،انہوں نے کہا کہ جب ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور سروس کے ساتھ کام کی اجازت ہے تو ہمیں بھی شادی ہالز اوپن ایئر کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی جائے ،انہوں نے کہا کہ جہاں 8 فیصد سے زائد کورونا کیسز کی شرح ہے وہاں شادی ہالز بند کئے جائیں ،کراچی بینکوئٹس ہالز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شارق میمن نے کہا کہ گزشتہ برس لاک ڈاؤن کے نقصانات سے باہر نہیں نکل پائے تھے کہ پھر شادی ہالز کی بندش سے مالی مشکلات انتہا کو پہنچ گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ کسی شعبے میں ایس او پیز کا اتنا خیال نہیں کیا جاتا جتنا شادی ہالز مالکان نے اختیار کیا ہے،شارق میمن نے مکمل ایس او پیز کے ساتھ شہر بھر کے تمام بینکوئٹس 15 رمضان سے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی کہ ہمیں کاروبار کرنے دیا جائے ۔