حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور

April 20, 2021

حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے۔

مذاکرات میں وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری شریک ہیں جبکہ مذاکرات میں حافظ طاہر اشرفی بھی شامل ہیں۔

کالعدم تنظیم سے مذاکرات کے پہلے دو راؤنڈز میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت شریک ہوئے تھے۔

قبل ازیںکالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر مذہبی امور نورالحق قادری لاہور پہنچے تھے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ مسئلہ حل کریں، ایسا حل کہ ان کے کسی عمل سے پاکستان کو نقصان نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور ﷲ نے قلعے کی چوکیداری اور ذمہ داری عمران خان کو دی ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک اور حکومت پنجاب کے درمیان مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ اختتام پذیر ہوچکا ہے۔

فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کے دوران گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر قانون راجہ بشارت نے حکومت کی نمائندگی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری شریک ہوں گے۔