جلہ آرائیں کے رہائشی شخص کی بیوی بیٹی کو بازیاب کرایا جائے،ہائیکورٹ

April 23, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج مسٹر جسٹس چوہدری عبد العزیز نے جلہ آرائیں کے رہائشی نذر حسین کی بیوی اور بیٹی کو اغواء کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ دنیا پور ضلع لودھراں محمد اسماعیل نے بتایا کہ یہ محبوس کرنے کے ساتھ ساتھ اغواء کا بھی معاملہ ہے جس پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے اور ایک مغوی نابالغہ بھی ہے۔ عدالت عالیہ نے محبوسان کو جلد از جلد بازیاب کرانے اور ملزمان کو بھی فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر عدالت عالیہ نے اغواء کرنے والوں کو گرفتار اور مغویوں کو بازیاب نہ کرانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو محبوسان کی بازیابی کا حکم دیا تھا تاہم ضلع پولیس ناکام رہی۔قبل ازیں عدالت عالیہ میں نذر حسین نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ تین افراد نے ان کے موکل کی بیوی اور پانچ سالہ بچی کو فروری کے پہلے ہفتے میں اغوا کیا مگر پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں لیت و لعل سے کام لیا اور بڑی مشکل سے 9 فروری کو مقدمہ درج کیا گیا مگر دو ماہ افسران کو درخواستیں دینے کے باوجود مغویوں کو بازیاب نہیں کرایا گیا ہے عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ پولیس کے ذریعے ان کو بازیاب کرایا جائے۔