فنکاربہبود کمیٹی میں ہمارے نمائندے شامل کئے جائیں،فنکار ویلفیئرفورم

May 05, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)فنکار ویلفیئر فورم بلوچستان کے نور خان نے کہا ہے کہ فورم بلوچستان کے 80 فیصد فنکاروں کی نمائندہ تنظیم ہے ، فورم کی اکثریت اور عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے فنکاروں کی بہبود کے لئے بنائی گئی کمیٹی میں ہمارے دو نمائندے شامل کئے جائیں،یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے فنکار ویلفیئر فورم کی درخواست پر ادارہ ثقافت میں فنکاروں کی بہبود کےلئےآرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ اور کورونا وائرس سے متاثرہ فنکاروں کی مالی امداد کے لئے قائم کمیٹی میں ہمارے دو نمائندے شامل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے اور ساتھ ہی احکامات دئیے تھے کہ فنکار ویلفیئر فورم کے توسط سے فنکاروں کی لسٹ مرتب کی جائے اور غیرفنکاروں کے نام محکمہ ثقافت کی لسٹ سے نکالے جائیں جس پر فنکار ویلفیئر فورم نے لسٹ مرتب کرکے ڈائریکٹر ادارہ ثقافت کو جمع کرادی ہے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ فنکاروں کی امداد کے لئے 26اپریل 2021کو ایک نئی کمیٹی محکمہ ثقافت کی جانب سے تشکیل دی گئی جس پر فنکار ویلفیئر فورم اور دیگر تنظیمیں شدید تحفظات رکھتی ہیں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ ایک سال قبل تشکیل دی جانے والی کمیٹی کا اجلاس بلایا اور نئی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور ایک نئی کمیٹی تشکیل دی جائے جس میںفنکار ویلفیئر فورم بلوچستان کے دو نمائندے شامل کیے جائیں ۔