فیکٹری سے 50 ہزار لیٹر مضر صحت جعلی مشروبات برآمد کرلئے گئے

May 05, 2021

پشاور ( نمائندگان جنگ ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے نوشہرہ کے علاقے برہ بانڈہ میں کارروائی کرتے ہوئی جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری سے 50 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت جعلی مشروبات برآمد کرلئے ہیں۔ فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق روح افزاء کے نام سے جعلی مشروبات کی تیاری میں مضر صحت کیمکلز سمیت غیر معیاری اشیاء کا استعمال کیا جارہا تھا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق مضر صحت جعلی مشروبات صوبے کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا،جعلی مشروبات کو تلف کرکے فیکٹری سیل کردی گئی، ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں جعلی مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریز کو سیل کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق لکی مروت میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا جائزہ لیا گیا۔