وزیراعظم عمران خان کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

May 12, 2021

وزیراعظم عمران خان نے اسرائیلی ظلم کیخلاف فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عالمی شہرت یافتہ امریکی ماہر لسانیات، فلسفی، مؤرخ اور سیاسی مصنف نوم چومسکی کا وہ قول شیئر کیا ہے جو غزہ کے مظلوموں کے لیے لکھا گیا تھا۔

قول میں لکھا گیا تھا کہ ’تم میرا پانی لے لو، میرے زیتون کے درخت جلا دو، میرا گھر تباہ کرو، میرا کام چوری کرو، میرے والد کو قید کرو، میری ماں کو قتل کردو، میرے ملک پر بمباری کرو، ہم سب کو بھوکا رکھو ، ہم سب کو ذلیل کرو لیکن اگر میں اس کے بدلے ایک راکٹ گِرا دوں تو میں قصووار ہوں۔‘

وزیراعظم عمران خان نے یہ قول شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میں وزیراعظم پاکستان ہوں اور ہم غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے، 13 بچے اور مزاحمتی تنظیموں کے کئی رہنما بھی شہداء میں شامل ہیں، ایک ہزار سے زائد افراد زخمی، درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بنادی گئی ہیں۔

حماس کی جانب سے بھی جواب میں راکٹوں کی برسات ہوئی جس کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، بس تباہ، تین اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔