حکومت کو لگتا ہے شہباز کو باہر جانے دیا تو سیاسی شکست ہو گی، تجزیہ کار

May 13, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سنیئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہےکہ حکومت کو ایسا لگتا ہے کہ اگر شہباز شریف کو باہر جانے دیا تو ان کی سیاسی شکست ہوگی،پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ قاسم سومرو نے کہا کہ بلیک فنگس کے تین چار کیس آئے ہیں ،ٹریٹمنٹ موجود ہے، انڈیا میں زیادہ کیسز ہیں، معاون خصوصی فوڈ سیکیورٹی جمشیداقبال نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے چھوٹے کسان کا کوئی استحصال نہ کرسکے۔پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ قاسم سومرو نے کہا کہ رمضان میں اکثر لوگ ایس او پیز کو فالو نہیں کرتے اور مذہبی اجتماعات بڑھ جاتے ہیں اور اس ایک مہینے میں تیس سے بتیس فیصد کیسز بڑھ جاتے ہیں یہ پریشانی ضرور ہوتی ہے۔ بلیک فنگس کے تین چار کیس آئے ہیں اس کا ٹریٹمنٹ موجود ہے اور انڈیا میں اس کے زیادہ کیسز ہیں اللہ کا شکر ہے یہاں نہ ہونے کے برابر ہے۔سنیئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ میرا خیال ہے زیادہ دباؤحکومت ہے شہبازشریف نے خاموشی سے عدالت سے باہر جانے کی اجازت لے لی حکومت اس خفیہ وار کے لیے تیار نہیں تھی حکومت کو ایسا لگتا ہے کہ اگر شہباز شریف کو باہر جانے دیا تو ان کی سیاسی شکست ہوگی اور ایسا لگا جیسے شہباز شریف اداروں کے ساتھ مل گئے ہیں اس لیے شاید حکومت زور لگا رہی ہے کہ ادارے پیچھے ہٹ جائیں اور شہباز شریف کا جانا روک جائے۔ شہبازشریف دوبارہ سپریم کورٹ بھی جائیں گے اور اداروں کے ساتھ بھی اپنے مذاکرات کریں گے۔