فلسطینیوں ،کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے عید سادگی سے منائی جائے،حامد موسوی

May 13, 2021

اسلام آباد(جنگ نیوز ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نےکہا ہےکہ عید کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کے خون سے کھیلی جانے والی ہولی عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، نیتن یا ہو کو الیکشن جتوانے کیلئے صیہونیوں نے مشرق وسطی کو آگ اور خون میں جھونک دیا ہے، فلسطینیوں کشمیریوں اور دہشتگردی کے متاثرین سے یکجہتی کیلئے عید سادگی سے منائی جائے ۔ اسرائیل و بھارت جیسے عالمی دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئےکولیشن کیوں تشکیل نہیں دی جاتی جو عراق و افغانستان کیلئے بنائی گئی۔ اپنے پیغام عیدالفطر میں حامد علی شاہ موسوی نےکہا کہ عید الفطر کے روز فرشتے گناہوں کی بخشش کی صدائیں بلند کرتے ہیں ۔مظلوموں کی مدد کرکے اللہ کی رحمت سے دامن بھرے جا سکتے ہیں۔ حقیقی عید انہی کی ہے جو خوشیوں میں غریبوں ناداروں کا خیال رکھتے ہیں۔