فلم انڈسٹری کے زوال کا بڑا عنصر افغانستان پر سوویت حملہ تھا، فواد چوہدری

June 14, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کے زوال کا بڑا عنصر افغانستان پر سوویت حملہ تھا ،ممالک مشترکہ طور پر عروج و زوال کا شکار ہوتے ہیں۔ ٹی وی ہو یا دیگر تفریحی صنعت‘ ان کی ترقی ملک کی ترقی پر انحصار کرتی ہے۔ ہم ایک ایسی فلم کی پالیسی مرتب کر رہے ہیں جس میں دیگر سہولتوں کے ساتھ سنیما گھروں کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی ‘ فلم انڈسٹری پر صفر ٹیکس اور نوجوان فلم میکرز کے لئے 50 ملین تک کے سرکاری قرضوں کی فراہمی شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹیول 2021 کے حوالے سے فریئر ہال کراچی میں منعقدہ ویمن ایڈیشن سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا،وفاقی وزیر نے فن کے حوالے سے جدید ترین پاکستان یونیورسٹی کے قیام کے حکومتی ارادے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ یونیورسٹی میں صحافت‘ اینیمیشن ‘ موسیقی اور میڈیا سے متعلق دیگر کورسز جدید انداز میں پڑھائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ لابی کے مقابلہ کے متبادل کے طور پر ترکی ‘سعودی عرب اور مشرق وسطی پر توجہ مرکوز کریں جو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کو چلانے کی اجازت نہیں دیتا ۔