لندن، ہزاروں افراد کا فلسطین کے حق، اسرائیلG7 کیخلاف مظاہرہ

June 14, 2021

کراچی(نیوزڈیسک)لندن میں اسرائیل مخالف اور فلسطینیوں کے حق میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کی پالیسیوں کیخلاف بھرپور احتجاج کیا، مظاہرین نے برطانیہ سمیت جی سیون ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی حمایت ختم کردیں ۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں جی سیون اجلاس کے موقع پر ہزاروں افراد فلسطینیوں کے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئے،مظاہرین نے G7رہنمائوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر حملے کے معاملے پر اسرائیل کی حمایت کرنا چھوڑ دیں۔مظاہرین نے فلسطینیوں کے حق میں اور آزاد فلسطین کے بینرز اٹھا رکھے تھے اور نعرےبازی کررہے تھے۔جنوب مغربی انگلینڈ میں نکالی جانےوالی ریلی کے شرکا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی سرکاری رہائش گاہ ڈائوننگ اسٹریٹ کی جانب مارچ کررہے تھے۔ مظاہرین مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی پالیسیوں کیخلاف سراپا احتجاج تھے،مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ برطانیہ اور دیگر جی سیون ممالک فلسطین کیخلاف اسرائیلی اقدامات کی حمایت کرنا بند کردیں،سابق لیبر پارٹی رکن جیرمی کوربن نے بھی ریلی میں شرکت کی،کوربن نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج لندن میں فلسطینیوں کے انصاف کا دن ہے اور اسلحے کی فروخت کو روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی ساختہ ہتھیاروں سے بچوں سمیت شہریوں کی جانیں لی جارہی ہیں یہ سلسلہ رکنا چاہیے۔