بھارت: نماز کے لیے جانے والے بوڑھے مسلمان پر انتہاپسندوں کا حملہ، تشدد کے بعد داڑھی کاٹ دی

June 14, 2021

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریب ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں ایک بوڑھے مسلمان کو گزشتہ ہفتے اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب وہ نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد جارہے تھے۔

حملہ آوروں نے عبدالصمد نامی مسلمان کو ایک آٹو رکشہ سے گھسیٹ کر اتارا اور اغوا کرکے قریب ہی واقع جنگل میں بنی ہوئی جھونپڑی میں لے گئے جہاں انھوں نے انہوں مخصوص نعرے لگائے اور بزرگ مسلمان سے کہا کہ وہ بھی یہ نعرے لگائے۔

اس دوران انھوں نے عبدالصمد پر گھونسے برسائے اور ایک لکڑی کی اسٹک سے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی داڑھی کاٹ ڈالی۔ جبکہ حملہ آوروں نے ان پر یہ الزام لگایا کہ عبدالصمد پاکستانی جاسوس ہے۔

پولیس نے اس حوالے سے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ایک مجرم پراویش گجر کو گرفتار کیا ہے جس پر گمان ہے کہ مرکزی کردار وہی ہے، جبکہ دیگر مجرموں کی تلاش جاری ہے۔