ودیا بالن فلم’’ہندی میڈیم‘‘میں صبا قمر کی اداکاری سے متاثر ہوئی تھیں

June 19, 2021

ممبئی /کراچی (این این آئی)پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی جاندار اداکاری سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی صبا قمر کی اداکاری نے بھارتی اداکارہ ودیا بالن کو بھی متاثر کردیا تھا، جس پر انہوں نے صبا قمر کی کھل کر تعریف بھی کی تھی۔فلم ʼہندی میڈیمʼ میں لیجنڈری اداکار عرفان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی صبا قمر کی فلم میں فنکارانہ صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ودیا بالن نے اْس وقت ایک خصوصی میسج پاکستانی اداکارہ کو کیا تھا۔صبا قمر نے ودیا بالن کے میسج کو اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹس کی زینت بھی بنایا تھا۔فلم دیکھنے کے بعد صبا قمر کو کیے گئے میسج میں ودیا بالن کا کہنا تھا کہ ʼمیں ودیا بالن ہوں اور آپ کا نمبر میں نے زینت سے لیا ہے، آج میں نے فلم ہندی میڈیم دیکھی، جس میں آپ کی اداکاری غیرمعمولی طور پر حیرت انگیز تھی۔ودیا بالن نے لکھا کہ آپ کا کردار آسان نہیں تھا اور یہ عام طور پر ایک ایسا کردار تھا، جس کو لوگ آسانی سے پسند نہیں کرتے ،لیکن آپ کی اداکاری نے اسے غیر معمولی بنادیا۔انہوں نے صبا قمر کو فلم کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی تھی۔ودیا بالن کی جانب سے ایسے تعریفی کلمات دیکھ کر صبا قمر کی خوشی میں بھی مزید اضافہ ہوا تھا ،جس کا اظہار انہوں نے یہ میسج اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے کیا تھا ۔2017 میں کیے گئے ٹوئٹ میں صبا قمر کا کہنا تھا کہ بولی وڈ کی ایک عظیم اداکارہ سے اپنے لیے یہ سب سننا کسی اعزاز سے کم نہیں، میں بے تحاشہ خوش ہوگئی ہوں۔یاد رہے کہ 2017 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ʼہندی میڈیمʼ میں صبا قمر نے عرفان خان کے ہمراہ ʼمیتاʼ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں صبا قمر کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔فلم ʼہندی میڈیمʼ صبا قمر کی پہلی بولی وڈ فلم تھی جس میں عرفان خان نے ان کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا۔