صوبائی حلقے 213 میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، 42کروڑ لاگت آئیگی

June 19, 2021

ملتان (اے پی پی) صوبائی حلقے پی پی 213 میں پختہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے لیے عملی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اوران منصوبوں کے لیے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں رقوم بھی مختص کردی گئی ہیں۔منصوبوں پر بجٹ دستاویزات کے مطابق 41 کروڑ 99لاکھ روپے سے زیادہ لاگت آئے گی جبکہ 2021-22 کے بجٹ میں ان منصوبوں کے لیے چھ کروڑ40لاکھ روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی پی پی 213بیرسٹر وسیم خان بادوزئی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ،وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ہمارے دیرینہ مطالبات پورے کیے۔وزیراعظم عمران خان نے ملتان کے لیے میگاترقیاتی پیکج کا اعلان کیا اوراس مرتبہ پنجاب کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے الگ رقوم مختص کی گئی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں میں نیازٹاؤں، حسن آباد، نورشاہ، گارڈن ٹاون، شہبازٹاون کی 12کلومیٹرکی سڑکیں، سورج میانی، باغ والا، دھور کوٹ، افضل سٹی ،معین آباد ،دربارسخی سلطان کے علاقوں کی ساڑھے12کلومیٹر ، بستی خداداد، وزیرچوک، لنک وزیرچوک، عسکریہ چناب کالونی، غریب آباد، فہد ٹاون، گرین ٹاون، نذرچوک، جناح ٹاون، گلستان کالونی کی ساڑھے12کلومیٹر، جمیل ا ٓباد اور ملتان کینٹ کے علاقوں کی دوکلومیٹر اور ہیڈ سکندری نالہ سے سورج میانی اور خانیوال روڈ سے بستی بواپور کی تین کلومیٹر کی سڑکیں شامل ہیں۔