بوئنگ کمپنی کے نئے طیارے کی امریکا میں پہلی آزمائشی پرواز

June 19, 2021

طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے نئے ماڈل کے بوئنگ سیریز کے سب سے بڑے طیارے 737 میکس 10 نے جمعہ کو امریکا میں اندرون ملک پہلی آزمائشی پرواز کی جو ڈھائی گھنٹے سے زائد دورانیہ کی تھی۔

امریکا کی رجسٹریشن این 27751 کا یہ طیارہ نومبر 2019 میں تیار کیا گیا تھا تاہم مبینہ طور پر کورونا وائرس بحران کی وجہ سے یہ لانچ روکی گئی تھی۔

اس طیارے نے امریکا کی واشنگٹن اسٹیٹ کے رینٹن میونسپل ایئرفیلڈ سے مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی صبح 10 بجکر 7 منٹ پر پہلی اڑان بھری۔

فلائٹ نمبر بی او ای 101 نے زیادہ سے زیادہ 25 ہزار فٹ کی بلندی پر اور زیادہ سے زیادہ 630 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کیا، یہ فلائٹ رینٹن ایئر فیلڈ سے موسس لیک ایئرپورٹ کیلئے تھی۔

دونوں ہوائی اڈوں کے مابین 35 منٹ کا ہوائی سفر ہے مگر آزمائشی پرواز لگ بھگ ڈھائی گھنٹے سے زائد طویل رہی، جہاز دوپہر کے وقت واشنگٹن اسٹیٹ کے موسس لیک ایئرپورٹ پر لینڈنگ اپروچ پر گیا مگر رن وے سے 14 سو فٹ اوپر سے گزر کر دوبارہ بلندی پر چلا گیا اور ٹیک آف کے دو گھنٹے 30 منٹ بعد رینٹن ایئر فیلڈ کے قریب بوئنگ فیلڈ کنگ کاؤنٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔

کمپنی کے اعلامیہ کے مطابق مسافروں کے دو درجوں اور 230 نشستوں کے ساتھ 737 میکس 10 بوئنگ سیریز کا سب سے بڑا طیارہ ہے جس کی آزمائشی پرواز کامیاب رہی۔