پاکستان میں آٹوموبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع دستیاب ہیں، محمد خالد جمالی

June 20, 2021

برسلز/ پراگ( حافظ انیب راشد ) چیک ریپبلک میں تعینات سفیر پاکستان محمد خالد جمالی سے گاڑیاں بنانے والی کمپنی سکوڈا آٹوز کے افسران نے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات سفارت خانہ پاکستان واقع پراگ میں ہوئی، جس میں سکوڈا آٹوز کی جانب سے مشل کادیرا (ڈائریکٹر ایکسٹرنل افئیرز ) کرسٹیان کاہن وان سیلن( ڈائریکٹر ورلڈ ریجنز) آندرے سیرنی( ہیڈ آف ریجنز) اور پیٹر جانیبا ( سیلز ڈائریکٹر برائے ورلڈ ریجنز ) نے شرکت کی۔ اس ملاقات میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی کے ساتھ چیک پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر احسن اسلم بھی موجود تھے۔ سفیر پاکستان نے وفد کی سفارت خانہ پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور ان کے ساتھ پاکستان اور کمپنی کی پرانی تاریخ کو یاد کیا، جب پاکستان میں 1962 تک سکوڈا گاڑیاں فروخت ہو رہی تھیں جس پر کار کمپنی کے ذمہ داران نے اس تاریخی تجارتی تعلق پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے کمپنی کے وفد کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان میں آٹو موبائل سیکٹر میں دستیاب بہترین سرمایہ کاری کے مواقع اور اس پر حکومت کی جانب سے ٹیکس کی چھوٹ کے بارے میں بھی بتایا۔ سفیر پاکستان نے سکوڈا آٹوز کے افسران کو پاکستان کے سپیشل اکنامک زون کے بارے میں بھی معلومات مہیا کیں جہاں کمپنی گاڑیاں تیار یا انہیں جوڑنے کے لیے پلانٹ لگا سکتی ہیں۔ کمپنی کے افسران نے سفیر پاکستان محمد خالد جمالی کی جانب سے کمپنی سے رابطہ میں پہل کرکے انہیں سفارت خانے مدعو کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی کی جانب سے انہیں آگاہ کیا گیا کہ سکوڈا کار کمپنی اس حوالے سے ایک مقامی پاکستانی شراکت دار کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے کمپنی افسران کو یقین دلایا کہ سفارت خانہ اس حوالے سے درکار ہر تعاون کو یقینی بنانے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت حاضر ہے۔