لاہور ایکسپو سینٹر میں آج ویکسی نیشن مکمل بند، عوام کا رش موجود

June 20, 2021


بیرون ملک جانے کےخواہشمند افراد ایسٹرازینکا یا فائزر ویکسین لگوانے کے لئے خوار ہو کر رہ گئے، لاہور کا ایکسپو سینٹرآج مکمل طور پربند ہے لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ گزشتہ روز سے ہی سینٹر کے باہر بیٹھےہوئے ہیں، جبکہ بہت سےایسے بھی ہیں جو آج صبح صبح وہاں پہنچے ہیں۔

لاہور میں آج تمام ویکسی نیشن سینٹرز بند ہیں، لیکن اس کے باوجود ایکسپو سینٹر میںقائم ویکسی نیشن سینٹر کے باہر ویکسین لگوانے والوں کا رش لگا ہوا ہے، ان میں زیادہ تعداد دوسرے شہروں سے آئے لوگوں کی ہے، کچھ تو ایسےہیں جو گزشتہ روز سے یہاں بیٹھے ہیں، حالانکہ سینٹر انتظامیہ نے اتوار کےروز سینٹر بند رہنے کا بورڈ بھی لگایا ہوا ہے۔

اس موقع پر وہاںموجود لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے ویزے کی مدت ختم ہورہی ہے، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی حکومتیں صرف ایسٹرازینیکا یا فائزر ویکسین لگوانے والوں کو داخلے کی اجازت دے رہی ہیں، اس لئے وہ در بدر دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ سینٹر انتظامیہ انہیں کچھ نہیں بتا رہی کہ انہیں مطلوبہ ویکسین کب لگے گی۔