ڈی ایچ اے کیلئے 188کنال اراضی ایکوائر کرنیکے نوٹیفکیشن کی معطلی برقرار

June 22, 2021

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی ایچ اے کیلئے سہالہ کی 188 کنال اراضی ایکوائر کرنے کے نوٹیفکیشن کی معطلی برقرار رکھتے ہوئے بیواؤں سے زبردستی زمین حاصل کرنے کے خلاف حکم امتناع میں 12 جولائی تک توسیع کر دی ۔ پیر کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے دو بیواؤں کی درخواست کی سماعت کی جس میں ڈی ایچ اے کیلئے زمین ایکوائر کرنے کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے ڈی ایچ اے اور سی ڈی اے کے وکلا کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر 12 جولائی کو دلائل طلب کر لیے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ڈی ایچ اے نے کس قانون کے تحت زمین براہ راست ایکوائر کی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق زمین صرف فیڈرل گورنمنٹ ہاؤسنگ اتھارٹی اور سی ڈی اے ایکوائر کر سکتے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق سی ڈی اے کی منظوری اور ماسٹر پلان کے مطابق صرف پبلک انٹرسٹ میں زمین ایکوائر کی جا سکتی ہے۔ اس کیس میں پرائیویٹ انٹرسٹ سامنے رکھ کر زمین ایکوائر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جو کہ درست نہیں۔ ڈی ایچ اے کے پاس اختیار نہیں کہ وہ سی ڈی اے کی پیشگی اجازت کے بغیر لینڈ ایکوزیشن کلکٹر سے رجوع کرے۔