پانی بحران ، جی تیرہ اور چودہ کو سی ڈی اے واٹر ٹینکر سروس دینے کا فیصلہ

June 23, 2021

اسلام آ باد (نیو زرپورٹر) سیکٹرز جی 13اور جی 14 میں پانی کے شدید بحران کے فوری حل کے لیے سی ڈی اے کی واٹر ٹینکرز کی سروس فر اہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر بر ائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں کنوینر عوامی رابطہ کمیٹی اسلام آباد جمشید محبوب مُغل کی سربراہی میں کوآرڈینیٹرز ہاؤسنگ اتھارٹی ملک غلام حسین اور زارا سجاد ‘ مشیر وزیرِ اعظم علی اعوان، سینئر رہنما پی ٹی آئی عامر مغل، ڈی جی ایف جی ای ہاؤسنگ اتھارٹی طارق رشید، ڈی جی سی ڈی اے ، ڈائریکٹر مینٹیننس سید حسن شاہ کے علاوہ ہاؤسنگ اتھارٹی اور سی ڈی اے کے دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مذکورہ دونوں سیکٹرز کے لئے پانی کی فراہمی کے حوالے سے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔یہ فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پر مذکورہ سیکٹرز کو سی ڈی اے سے باؤزرز کے ذریعے پانی کی اضافی فراہمی کی جائے گی۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شاہ اللہ دتہ (D-12) کی طرف سے آنے والی لائن پر عدالتی فیصلے کے بعد فوری کام کیا جائے گا جس کے لیے سی ڈی اے اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران ملکر فوری کام شروع کریں گے۔ پانی کی ترسیل کے اوقات اور تقسیم كو بہتر کیا جائے گا۔غازی بروتھا سے اسلام آباد کے لیے پانی کی لائن کے منصوبے کو بھی بروقت مکمل کیا جائے گا۔مشیر وزیر اعظم علی نواز اعوان کے زیرِ صدارت ہاؤسنگ اور سی ڈی اے کی باقاعد گی کے ساتھ میٹنگز ہوا کریں گی اور تمام منصوبوں پر کارروائی اور پیش رفت پر وفاقی وزیر اسد عمر کو با قاعدگی کے ساتھ رپورٹ پیش کی جائے گی۔