بختاور بھٹو نے عید پر عوام سے کونسی اپیل کی؟

July 21, 2021

سابق وزیرِاعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرِ عید کے موقع پر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کردی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میری سب سے گزارش ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پاکستان میں جہاں ہماری ایس او پیز کی خلاف کی وجہ سے کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔‘

بختاور بھٹو نے کہا کہ ’غیرضروری معاشرتی اجتماعات کی وجہ سے کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس پہلے ہی کورونا ویکسینیشن کا سسٹم انتہائی ناقص ہے۔‘

آخر میں بختاور بھٹو زرداری نے اپنے تمام چاہنے والوں اور اُن کے اہلخانہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد بھی دی۔

بختاور بھٹو کے ٹوئٹ پر اُن کے مداحوں کی بڑی تعداد اُنہیں بھی عید کی مبارکباد دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان بھر میں مسلمان آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔

کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔