معین علی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے برمنگھم میں پارک تبدیل

July 24, 2021

بر منگھم (نمائندہ جنگ) برمنگھم میں واقع سپارک گرین پارک پر برمنگھم فونیکس ٹیم اور اس کے کپتان معین علی کو فونیکس کے لندن اسپریٹس کے خلاف پہلے میچ سے قبل خراج تحسین پیش کیا گیا۔برمنگھم میں پیدا ہونے والے معین کا چہرہ ، جو اس علاقے میں کرکٹ کھیل کر پروان چڑھے ہیں ، برمنگھم فونیکس کے اندر نمایاں تھا جو کہ گرین پارک کی دیواروں پر اورنج اور سیاہ میورل ڈیزائن میں پیش کیا گیا ۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معین علی نے کہا کہ یہ وہی علاقہ ہےجہاں وہ پلے بڑھے۔ انہوں نے وہاں کافی فٹ بال اور کرکٹ کھیلی کیونکہ میراسکول قریب ہی تھا ،یہی وجہ ہے کہ میں اسے اپنے لئے بہت ذاتی محسوس کرتا ہوں۔ہنڈریڈ میں ہماری برمنگھم فونیکس مہم سے پہلے اسے مکمل طور پر تبدیل ہوتا ہوا دیکھ کرمجھے بہت فخر محسوس ہواہے اور یہ ہر اس نوجوان کے لئے اتنا ہی متاثر کن ہوگا جو ہر ہفتے یہاں کھیلتا ہے۔معین نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ میورل علاقے کے چھوٹے بچوں کو کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دے گی اور آپ دیکھیں گے کہ یہاں کھیلوں اور کرکٹ میں کیریئر بنایا جا سکتاہے اور ان کے لئے رسائی اس وقت تک آسان ہےجب تک وہ سوچیں گے۔معین نے مزید کہا کہ بعض اوقات برطانوی جنوبی ایشین کی حیثیت سے یہ سمجھتے ہیں کہ رسائی بہت مشکل ہے، دراصل یہ اتنی مشکل نہیں جتنا آپ سوچتے ہیں ۔ واضح رہے کہ معین خود پاکستانی اور کشمیری نژاد برطانوی ہیں۔معین نے امید ظاہر کی ہے کہ مقامی جنوبی ایشین کمیونٹی کے شائقین بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے اور مقامی ٹیم کی مدد کے لئے میدان میں اتریں گے۔کرکٹ ہر ایک کے لئے ایک کھیل ہے اور ایک کھلاڑی کی حیثیت سے وہ اس پیغام کو تمام برادریوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔