ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن جاری، جوانوں کی سجی اور گوشت سے تواضع

July 26, 2021

سکھر (بیورورپورٹ ) عید الاضحی کے دوران بھی پولیس کی جانب سے ڈاکووں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ، عید کچے کے جنگلات میں ، پولیس افسران اور جوان بکرے کی سجی، کڑاہی گوشت، تکہ بوٹی اور کباب سے توا ضع، ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ نے عید الاضحی کشمور کے جنگلات میں جوانوں کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے بکروں کی قربانی کریں گے اور مختلف اقسام کے گوشت بناکر جوانوں کے ساتھ عید ملن منائیں گے اس حوالے سے بکرے جنگل میں پہنچادئیے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق کشمور کچے کے جنگلات میں ڈاکووں کے خلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے اور پولیس کچے کے علاقوں اور پولیس چوکیوں میں تعینات ہیں جوانوں کی جانب سے آپریشن کمانڈر امجد احمد شیخ سے درخواست کی کہ آپ عید گھر بچوں کے ساتھ منائیں جس پر ایس ایس پی امجد احمد شیخ نے کہا کہ نہیں وہ عید اپنے جوانوں کے کچے کے جنگلات میں منائیں گے۔اور ڈاکووں کے خلاف آپریشن بھی کریں گے جوانوں کے ساتھ قربانی کریں گے، پارٹی منائیں گے۔