عدنان صدیقی صحتیابی کیلئے دعاؤں پر تمام چاہنے والوں کے مشکور

July 28, 2021

معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی جوکہ عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا شکار ہیں، صحتیابی کے لیے دعاگو ہونے پر اپنے تمام چاہنے والوں کے شُکر گزار ہیں۔

عدنان صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو ایپ انسٹاگرام پر ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرنے والے تمام عزیز و اقارب، دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک خصوصی ویڈیو پوسٹ شیئر کی ہے۔


انہوں نے ویڈیو میں شاعرانہ انداز میں سب لوگوں سے عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران محفوظ رہنے کی لیے ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ رکھنے کی اپیل کی۔

عدنان صدیقی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں کل سے ملنے والی بے پناہ محبت سے دل کی گہرائیوں سے شُکرگزار ہوں، جب آپ کے پاس بہت سے لوگ آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکررہے ہوں تو، آپ اپنی پاس موجود نعمتوں کو کئی بار گنتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں دوستوں، رشتہ داروں، مداحوں اور ہر ایک کا شُکر گزار ہوں جس نے میری جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے، شکریہ۔‘

خیال رہے کہ اداکار عدنان صدیقی نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اس خبر سے آگاہ کیا تھا کہ وہ کورونا کی چوتھی لہر کا شکار ہوگئے ہیں۔


انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’آج میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، کورونا کی ہلکی علامات ہیں، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔‘

واضح رہے کہ ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں اور کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔