نور مقدم قتل کیس:ملزم ظاہر کو آج فرانزک لیبارٹری لاہور لے جایا جائےگا

July 29, 2021

نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو آج پنجاب فرانزک لیبارٹری لاہور لے جایا جائےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک لیبارٹری میں پولیس کی جانب سے رہائش گاہ سے ریکور کی گئی فوٹیج کا فرانزک تجزیہ کیا جائےگا، فوٹیج میں موجود ملزم ظاہر جعفرکی شناخت کےحوالے سے فرانزک ٹیم تجزیہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق فوٹیج میں ایڈیٹنگ کرکے کوئی ردو بدل تو نہیں کیا گیا اس سے متعلق تجزیہ بھی کیاجائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہرجعفر کو مزید تین روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

سرکاری وکیل ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ وقوعہ کی سی سی ٹی وی وڈیوز حاصل کرلی ہیں، ملزم کو لاہور لے کرجانا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کا فارنزک کرانا ہے لہذا مزید ریمانڈ دیا جائے۔

وکیل کی استدعا پر عدالت نے ملزم ظاہر جعفر کا مزید 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا، ملزم ظاہرجعفر کو 31 جولائی کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے 20 جولائی کی رات ملزم ظاہر کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا جہاں نور کے والدین کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے قتل کیا اور سر جسم سے الگ کیا تھا۔