2050ء تک دنیا بھر میں نسیان کے کیسز 15؍ کروڑ سے بڑھ جائینگے، تحقیق

July 30, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) واشنگٹن یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسن کے ماہرین نے بتایا ہے کہ 2050ء تک نسیان کے مریضوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہو جائے گا اور یہ تعداد 15؍ کروڑ 20؍ لاکھ تک بڑھ سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس اضافے کی وجہ باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی)، تمباکو نوشی اور ذیابیطس میں اضافہ ہے اور انہی رسک فیکٹرز کو بنیاد پر ماہرین نے یہ ممکنہ اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019ء اور 2050ء کے درمیان نسیان کے کیسز میں 68؍ لاکھ کا اضافہ ہوگا جس کی وجہ رسک فیکٹرز کے اعداد و شمار میں اضافہ ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مختلف سطحوں پر تعلیم میں اضافے کی وجہ سے نسیان کی شرح میں کمی آ سکتی ہے۔ ماہرین نے یہ اعداد و شمار الزائمر ایسوسی ایشن انٹرنیشنل کانفرنس 2021ء ڈینور میں پیش کیے ہیں۔