سم بند ہونے کا ڈر، بڑی تعداد ویکسین لگوانے سینٹر پہنچ گئی

July 30, 2021

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 88 ہزار 975 افراد نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی، گزشتہ سے پیوستہ 24گھنٹوں میں 1لاکھ 68 ہزار 869 افراد نے ویکسین لگوائی تھی ، اس طرح ایک روز کے دوران ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں 20 ہزار افراد کا اضافہ ہوا جسے حکومت کی جانب سے سم بند کرنے کے اعلان کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے ۔ جمعرات کو کراچی میں ویکسین لگوانے والوں کا سب سے زیادہ رش ایکسپو سینٹر کراچی میں دیکھنے میں آیا جہاں شہریوں کی قطاریں لگی ہوئی تھیں ،محکمہ صحت سندھ سے حاصل کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ویکسین ضلع شرقی میں لگائی گئی جس کی تعداد 21 ہزار 766 ہے ،ضلع وسطی میں 10 ہزار سے زائد، ضلع کورنگی میں 8 ہزار سے زائد، ضلع ملیر میں 8 ہزار سے زائد، ضلع جنوبی میں 20 ہزار سے زائد جبکہ ضلع غربی میں 8 ہزار سے زائد افرادکو ویکسین لگائی گئی ، مجموعی طور پر کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 77 ہزار 715 افراد نے ویکسین لگوائی ، سندھ کے دیگر اضلاع میں 1 لاکھ 11ہزار 260افراد نے ویکسین لگوائی ، سب سے کم 1 ہزار 685 افراد نے ضلع ٹھٹھہ میں ویکسین لگوائی ۔