گھبرانا نہیں کا ورد کرنیوالے نے آئندہ آنا نہیں: حسن مرتضیٰ/ پرویز اشرف

September 16, 2021

پیپلز پارٹی (پی پی) پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ گھبرانا نہیں کا ورد کرنے والا سمجھ لے کہ آئندہ اس نے آنا نہیں ہے۔

پیٹرول اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف اور حسن مرتضیٰ نے جاری کیئے گئے ایک بیان کے ذریعے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

حسن مرتضیٰ کا مزید کہنا ہے کہ اوگرا نے پیٹرول 1 روپیہ مہنگا کرنے کی سفارش کی، سلیکٹڈ نے 5 روپے بڑھا دیئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ خودکشیوں اور جرائم کی تعداد میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 4 وزرائے خزانہ بدلنے کے باوجود پیٹرول، ڈالر، قرضے اور مہنگائی اوپر جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، مہنگائی اور غربت کا نیا طوفان آنے والا ہے۔