روسی اداکارہ یولیا پریسلڈ فلم شوٹنگ کیلئے آئندہ ماہ عالمی خلائی اسٹیشن جائینگی

September 18, 2021

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کی خلائی ایجنسی راس کاسموس فلم کی شوٹنگ کے لیے اداکارہ یولیا پریسلڈ کو آئندہ ماہ عالمی خلائی اسٹیشن بھجوا رہی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 36 سالہ روسی اداکارہ نے خلا میں فلم کی شوٹنگ کرنے کے حوالے سے کہا کہ اب خوفزدہ ہونے کا وقت گزر گیا ہے۔’اگر آپ کو بھیڑیوں سے ڈر لگتا ہے، تو آپ کو جنگل میں نہیں جانا چاہیے۔ اب ڈرنے کا وقت گزر گیا ہے۔‘امریکی فلم انڈسٹری ہولی وڈ بھی اسی نوعیت کے فلم پروجیکٹ کی تیاریاں کر رہی ہے۔ روس کی کوشش ہے کہ امریکہ سے پہلے ہی وہ اپنا فلم پروجیکٹ مکمل کر لے۔اداکارہ کے ہمراہ فلم کے 38 سالہ ڈائریکٹر کلم شپینکو کو بھی عالمی خلائی سٹیشن میں بھیجا جا رہا ہے۔ہولی وڈ کے خلا میں فلم کی شوٹنگ کے اعلان کے چار ماہ بعد روس نے گزشتہ سال ستمبر میں بارہ دن کے خلائی مشن کا اعلان کیا تھا۔ روس کے فلمی مشن کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا۔فلم کے ڈائریکٹر کلم شپینکو کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی ڈرامائی فلم ہوگی جس میں ایک ڈاکٹر خلاباز کی جان بچانے عالمی اسپیس سٹیشن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اسپیس سٹیشن میں موجود روسی مشن کمانڈر اور خلابازوں کو بھی فلم میں دکھایا جائے گا۔اداکارہ نے بتایا کہ خلائی مشن کے لیے انہیں اپنی میک اپ کٹ تیار کرنے میں مشکل ہو رہی ہے کیونکہ لپ گلوس رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور صرف مخصوص قسم کے پلاسٹک کا سامان ساتھ لے جایا جا سکتا ہے۔ ’خاتون دکاندار کو سمجھ ہی نہیں آرہی تھی کہ مجھے کیا چاہیے ہے۔ تو پھر میں نے انہیں سمجھایا کہ مجھے خلا میں لے جانے کے لیے میک اپ بیگ چاہیے۔‘