برطانوی انعام ’بکر پرائز‘ کیلئے چھ ناولوں کی حتمی نامزدگیوں کا اعلان

September 18, 2021

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی سطح پر ادب کے ممتاز اعزاز تسلیم کیے جانے والے برطانوی انعام ’بکر پرائز‘ کے لیے حتمی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔سال 2021 کے لیے چھ ناول شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔ امریکا سے تعلق رکھنے والی شاعرہ اور ناول نگار پیٹریکا لاک ووڈ کا پہلا ہی ناول ’نو وون از ٹاکنگ اباؤٹ دس‘ بھی انعام کے لیے اعلان کی گئی حتمی فہرست میں شامل ہے۔رواں برس بکر پرائز کے لیے چھ ناولوں کی حتمی فہرست جاری کی گئی ہے۔ امریکی ناول نگار میگی شپسٹیڈ کا ناول’’ گریٹ سرکل‘‘ مارین گریوز کی کہانی ہے جو اپنے بچپن ہی سے نڈر اور جرات مند ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ڈرامہ نگار ڈیمن گیلگٹ کا رواں برس بکر پرائز کے لیے ناول ’دی پرامس‘ شارٹ لسٹ ہوا ہے۔ سری لنکا کے تمل ناول نگار انوک اروند پراگسم کا ناول ’نارتھ پیسیج‘ بکر پرائز کی حتمی فہرست میں شامل ہوا ہے۔امریکی شاعر اور ناول نگار پیٹریشیا لاک ووڈ کا پہلا ہی ناول ’نوون از ٹاکنگ اباؤٹ دس‘ ،پہلی صومالی نژاد برطانوی ندیفہ محمد کا ناول ’دی فورچون مین‘ اورمتعدد انعام جیتنے والے امریکی مصنف رچرڈ پاورز ن کا ناول بیولڈرمنٹ بکر پرائز کی حتمی فہرست میں شامل ہوا ہے۔ بکر پرائز کے جج انعام جیتنے والی کتاب کا اعلان تین نومبر کو کریں گے۔بکر پرائز کا آغاز 1968 میں ہوا تھا اور گزشتہ پانچ دہائیوں سے فکشن کے موضوع پر یہ انعام انگریزی زبان میں لکھی گئی اور برطانیہ میں شائع ہونے والی بہترین کتاب کو دیا جاتا ہے۔بکر پرائز جیتنے والی کتاب کے مصنف کو 50 ہزار پاؤنڈ انعام میں دیے جاتے ہیں جب کہ نامزد ہونے والے مصنفین میں ہر ایک کو 25 ہزار پاؤنڈ دیے جاتے ہیں۔نامزد کی گئی کتابوں کی حتمی فہرست اور جیتنے والی کتاب کا انتخاب بکر پرائز کے مقرر کردہ جج کرتے ہیں۔عالمی سطح پر بکر پرائز کو ادب کے لیے اہم ایوارڈ تسلیم کیا جاتا ہے اور یہ انعام جیتنے والے اور اس کے لیے نامزد ہونے والے مصنفین بھی اسے اپنے لیے اہم کامیابی تصور کرتے ہیں۔