وزیراعلیٰ کی کارکردگی سے اپوزیشن کی نیندیں حرام ہیں‘ بی اے پی وکلاء ونگ

September 18, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بی اے پی وکلاء ونگ کے صدر امیر محمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی مخلوط حکومت کے جاری ترقیاتی عمل سے اپوزیشن کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں وزیراعلیٰ عوام کی حمایت سے پانچ سالہ مدت پوری کریں گےیہ بات انہوں نے جمعہ کو نعمت اللہ بٹے زئی ایڈووکیٹ، انعام اللہ ایڈووکیٹ،ملک نبیل ایڈووکیٹ،جمعہ خان مندوخیل ایڈووکیٹ، باری ترین ایڈووکیٹ،نصرت شاہین ایڈووکیٹ،طلعت الرحمن ایڈووکیٹ،مہ جبین ایڈووکیٹ، ملک امین اللہ کاسی ایڈووکیٹ ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں منتخب حکومت کے خلاف سازشیں کررہی ہیں یہ کبھی پی ایس ڈی پی کے فنڈز لیپس کرانے کی کوشش ‘ کبھی اسمبلی پر حملہ آور اور کبھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کرتے ہیں دراصل وہ نفسیاتی طور پر وزیراعلیٰ جام کمال خان سے خوف زدہ ہیں کیونکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ وزیراعلیٰ کا ایک ترقیاتی وژن ہے اور وہ صوبے کے عوام کے ساتھ مخلص ہیں اس بار وہ تحریک عدم اعتماد جمع کرکے وزیراعلیٰ پر دباؤ بڑھاتے ہوئے مفادات کے لئے سودا بازی کے چکر میں ہیں لیکن وزیراعلیٰ کبھی دباؤ میں نہیں آئے ہیں اور نہ آئیں گے ماضی کی طرح ان کی یہ کوشش بھی ناکام ہوگی ۔