عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے، عوامی حلقے

September 18, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر) عوام نے کھلی کچہری میں مسائل کے ڈھیر لگا دیئے عوام نے کہا کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے اورعلاقے میں تجاوزات مافیا کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور نالیوں کی صفائی کی جائے کیوں کہ نالیوں میں گند جمع ہونے سے نکاسی آب کا مسئلہ ہے اور عملہ صفائی کو پابند کیا جائے کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی عمل میں لائی جائے۔ ضلعی انتظامیہ پشاور نے تحصیل متنی کے علاقے اچینی پایان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اعزاز احمد، تحصیلدار روشن لال سمیت ماتحت محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے شرکت کی۔گورنمنٹ شہید بلال علی مڈل اینڈ پرائمری سکول اچینی پایان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔