اسٹاک مارکیٹ، محدود کاروبار سے مندی، 108 پوائنٹس کم

September 21, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مانیٹری پالیسی کے انتظار میں انتہائی محدود کاروبار سے مندی کا رحجان رہا ، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 108پوائنٹس کی کمی ہوئی، 71.28فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں 41ارب 98کروڑ 62لاکھ روپے کی کمی ، کاروباری حجم بھی 49.72فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز مانیٹری پالیسی بارے بے یقینی کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے خرید و فروخت میں زیادہ دلچسپی دیکھنے میں نہیں آئی جس کی وجہ سے پیر کو کاروباری حجم گذشتہ سیشن کی نسبت 19کروڑ 25 لاکھ 71ہزار شیئرز کی کمی سے 38کروڑ 72لاکھ 92ہزار شیئرز سے کم ہو کر 19کروڑ 47لاکھ 20ہزار شیئرز ریکارڈ کیا گیا ، محدود کاروباری حجم کے باعث ہی مارکیٹ میں دن بھر مندی غالب رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 107.87پوائنٹس کی کمی سے 46528.21 پوائنٹس پر آکر بند ہوا ، کے ایس ای 30انڈیکس بھی 58.36پوائنٹس کی کمی سے 18421.96پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 149.93پوائنٹس کی کمی سے 74427.08پوائنٹس پر آگیا ، مارکیٹ میں مجموعی طور پر512کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 135 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 365 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 12کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی،سرمایہ کاری مالیت 41ارب 98کروڑ 62لاکھ 74ہزار روپے کی کمی سے 8093ارب 39کروڑ 44لاکھ 49 ہزار روپے ہو گئی، کاروباری حجم کے لحاظ سے ٹیلی کارڈ ،ورلڈ کال، بائیکو پیٹرولیم ،ٹی آر جی اور ٹی پی ایل پراپرٹیز سر فہرست رہے ،مارکیٹ میں سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ ،رفحان میز اور پاک سروسز کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ بالترتیب 199.99روپے اور 91.00روپے فی شیئرز تھا دوسری جانب سب سے زیادہ کمی نیسئلے پاکستان اور فلپ مورس کے شیئرز کی قیمت میں ہوئی جو کہ 104.99روپے اور 55.00 روپے فی شیئرز تھی۔