• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی حمایت، مسک کا ٹرمپ سے اختلافات ختم کرنے کا اشارہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی ارب پتی اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے 2026ء کے وسط مدتی انتخابات سے قبل ریپبلکن پارٹی کی مالی مدد کی تصدیق کردی۔ 

ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب گزشتہ سال ان کے اور ریپبلکن قیادت، خصوصاً صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان شدید اختلافات دیکھنے میں آئے تھے۔

مجموعی طور پر 726.4 ارب ڈالر کے مالک ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ اگر ’ریڈیکل لیفٹ‘ اقتدار میں آئی تو امریکا کو شدید نقصان پہنچے گا، غیر قانونی امیگریشن اور دھوکہ دہی میں اضافہ ہوگا اور ملک اپنی شناخت کھو بیٹھے گا۔

واضح رہے کہ 2025ء میں مسک اور ٹرمپ کے تعلقات خاصے کشیدہ رہے۔ 

مسک نے اس دوران ریپبلکن پارٹی کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے امریکا کو معاشی نقصان پہنچانے کا الزام بھی لگایا تھا۔ 

جولائی 2025ء میں انہوں نے دو جماعتی نظام کو توڑنے کے لیے ’امریکا پارٹی‘ کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کی کوشش کی تاہم یہ منصوبہ جلد ناکام ہو گیا۔

اب طویل سیاسی خاموشی کے بعد ایلون مسک نے دوبارہ ریپبلکن پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ 

اس اقدام کو ٹرمپ کے ساتھ اختلافات کے خاتمے کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ 

بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس نے دونوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے لیے پس پردہ کئی ماہ تک کوششیں کی ہیں۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے 2024ء کے انتخابات میں بھی تقریباً 290 ملین ڈالر عطیہ کیے تھے جس سے ریپبلکن امیدواروں کو کامیابی ملی تھی۔ 

ان کی تازہ حمایت کو ٹرمپ کے امیگریشن اور اخراجات سے متعلق ایجنڈے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید