موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، سڑکوں پر پانی جمع

September 21, 2021

اسلام آباد‘ راولپنڈی (نیوز رپورٹر‘ اپنے رپورٹر سے، خبر نگار خصوصی) پیر کو ہونیوالی بارش نے شہر میں نکاسی آب کے دعووں کی ایک بار پھر قلعی کھول دی۔ کمیٹی چوک انڈر پاس‘ راول روڈ‘ رحیم آباد ریلوے پل سمیت مری روڈ پر مریڑ چوک مین سڑک پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا۔ اس طرح آر ڈبلیو ایم سی کے صفائی آپریشن اور میونسپل کارپوریشن کا نالوں کی صفائی کا پول کھل گیا۔ اسکے باوجود صفائی کمپنی نے دعویٰ کیا کہ اسکے ورکرز بارش میں نالیوں گلیوں کی صفائی کرتے رہے۔ راولپنڈی میں کئی کچے مکان بہہ گئے‘ سائن بورڈز درخت گر گئے‘ ٹریفک میں کئی ایمبولنس‘ 1122کی گاڑیاں پھنسی رہیں۔ آریہ محلہ، ڈھوک الٰہی بخش، جاوید کالونی، ڈھوک کھبہ، ڈھوک رتہ میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کا قیمتی سامان تباہ ہو گیا۔ لیاقت باغ روڈ، فوارا چوک، بنی، کالج روڈ، ٹیپو روڈ، سرسید چوک، چمن زار کی سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔ اسلام آباد میں تیز بارش کے دوران نکاسی آب کیلئے سی ڈی اے عملہ متحرک‘ ایمرجنسی رسپانس سنٹرز کو فعال کر دیا گیا۔