سائنسی تعلیم (سٹیم) منصوبے کے فیز کی لانچنگ کیلئے اقدامات جاری

September 22, 2021

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) پچاس ہائر سیکنڈری سکولوں میں 993ملین روپے کی لاگت سے سائنس ٹیکنالوجی انجینئرنگ میتھمیٹکس (سٹیم) منصوبے کے فیز ون کو لانچنگ تقریب کوحتمی شکل دینے کیلئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سنیٹر شبلی فراز اور وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر اختر سے پاکستان سائنس فائونڈیشن حکام کی روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتیں ہو رہی ہیں ، اس حوالے سے چیئرمین پاکستان سائنس فائونڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود بیگ نےبتایاکہ اس منصوبے کی لانچنگ تقریب وزیراعظم آفس میں ہو گی اورتاحال حتمی تاریخ طے نہیں ہو سکی ہے، وزیراعظم کی دستیابی پر ہی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا تاہم منصوبے کی لانچنگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر ان کی وزارت کے اعلٰی حکام سے ملاقات ہو رہی ہیں ، انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ پاکستان سائنس فائونڈیشن ہی مکمل کروائے گی اور یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پرجلد شروع کیا جا رہا ہے ، فیز ون کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں سائنسی تعلیم کے فروغ کے اس منصوبے کو پھیلا دیا جائے گا ، انہوں نے بتایا یہ پراجیکٹ چار سال میں مکمل ہو گا جس کے تحت منتخب پچاس تعلیمی اداروں میں نویں جماعت سے بارھویں جماعت کے طلبہ کو نصاب سے ہٹکر سائنس ٹیکنالوجی انجینئرنگ میتھمیٹکس پڑھایا جائے گا تاکہ انہیں سائنس کی طرف راغب کیا جاسکے۔