گھبرانا نہیں، قیادت کیسے کریں، وزیراعظم عمران خان نے بابر کو بتا دیا

September 24, 2021

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم اور ماضی کے عظیم کھلاڑی عمران خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی پاکستانی کرکٹ ٹیم سے ملاقات میں کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے اپنے دور کے واقعات اور تجربات کا ذکر کیا اور بتایا کہ وہ کس طرح جیت کی جانب پیش قدمی کرسکتے ہیں اور کہا کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ بابر اعظم کو انہوں نے کپتانی کے گر بتاتے ہوئے کہا کہ یہی وہ کھیل ہے جس میں کپتان کا کردار زیادہ ہوتا ہے۔انہوں نے پلیئرز کو عزت و ذلت اللہ پر چھوڑ کر گراؤنڈ میں اچھا پرفارم کرنے، ملک کا سفیر اور کرپشن سے پاک دلیر کرکٹر بننے کی تلقین کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے کانفرنس روم میں داخل ہوکربا آواز بلند سلام کیا۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اپنے ہیرو کو قریب سے دیکھ کر سحر میں مبتلا ہوگئے ۔ پاکستان کو 1992ء میں ورلڈ کپ کا تحفہ دینے والے سابق کپتان کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ سوشل میڈیا پر ویڈیو اور تصویر شیئر کی گئی ہے۔ شاہین شاہ نے عمران خان سے ملاقات کا گروپ فوٹو کے ساتھ ایک پیغام شیئر کیا۔انہوں نے لکھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ایک میٹنگ میں شرکت کرنے پر مطمئن اور خوش ہوں۔ رمیز راجا کے علاوہ زیادہ تر بات چیت عمران خان نے کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں رمیز راجا نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تعارف کرایا۔ حیران کن طور پر ملاقات میں سپورٹ اسٹاف کے کسی رکن کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ عمران خان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ بات چیت کرتے رہے۔ فخر زمان کانام سن کر وہ کہنے لگے تم فخر زمان ہو۔ عمران خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو سب سے پہلے اچھا انسان بننے کی نصیحت کی اور ان سے کہا کہ کہا پیسے کے بت کو توڑنا ہے کیوں کہ رزق اللہ دیتا ہے۔ کرکٹ اپنی ذات کے لیے نہیں، ملک کے لیے کھیلنی ہے ۔مشکل وقت میں ہارنے سے نہیں گھبرانا ہے نہ ہی کسی کے دبائو میں آنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے فردا فردا کھلاڑیوں کی کارکردگی پر کوئی بات نہیں کی۔